لاہور: اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثنا اللہ کیس میں اہم پیش رفت کی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ زیر حراست افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی ایس پی یو ملک خالد و دیگر زیر حراست افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے، ذرایع نے کہا ہے کہ اے این ایف پنجاب نے مزید اہم شواہد اکھٹے کر لیے۔
ذرایع نے بتایا کہ اے این ایف نے اسمگلر بخاری کی نشان دہی پر رانا ثنا اللہ کی ریکی کی تھی، رانا ثنا کے نمبرز اور ان کے ساتھیوں کی نقل و حرکت کو بھی دیکھا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی گاڑیاں منشیات اسمگلنگ میں استعمال کی گئیں، اے این ایف نے رانا ثنا کیس کی تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
ذرایع نے بھی بتایا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثنا اللہ کے قریبی ساتھیوں کو تفتیش میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا، رانا ثنا کے قریبی پولیس افسران کو بھی شاملِ تفتیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: رانا ثنااللہ کی گھر کا کھانا نہ دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
خیال رہے کہ آج لاہور کی سیشن عدالت میں منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کو گھر کا کھانہ نہ دینے کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔
جیل حکام کا کہنا تھا کہ رانا ثنا کو ان کی طبیعت کے مطابق کھانا دیا جا رہا ہے اور ان کا روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل چیک اپ بھی کیا جا رہا ہے، ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔
رانا ثنا کے وکیل کا مؤقف تھا کہ وہ بیمار ہیں، جیل قوانین کے مطابق زیر ٹرائل ملزم کو گھر کا کھانا دیا جا سکتا ہے۔