لاہور : ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر اغوا برائے تاوان کیس کا ٹرائل مکمل ہونے کے بالکل قریب پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو جھانسہ دیکر تاوان کیلئے اغوا کرنے کے کیس میں ملزمہ آمنہ عروج اورحسن شاہ سمیت دیگر کیخلاف مقدمے کی سماعت ہوئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مقدمے پر سماعت کی ، پراسیکیوٹر عبدالجبار ڈوگر نے حتمی دلائل دیئے اور موقف احتیار کیا کہ مقدمے کے شواہد یہ ثابت کرتے ہیں کہ ملزموں نے تاوان کیلئے ڈرامہ نگار کو اغوا کیا۔
سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت دیگر ملزموں کو واضح ثبوتوں پر سزا سنائی جائے۔
سماعت کے دوران آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت دیگر ملزموں کو عدالت میں پیش کیا گیا تاہم مقدمے پر اب مزید کارروائی کل ہوگی۔
ستوکتلہ پولیس نے خلیل الرّحمٰان قمر کی درخواست پر انہیں تاوان کیلئے اغوا کرنے کا مقدمہ درج کیا، لاہور ہائیکورٹ نے مقدمے پر کارروائی ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت عدالت نے مقدمے میں ملزموں کے وکلا کو کل حتمی دلائل کیلئے طلب کر لیا ہے، عدالت حتمی بحث کےبعد مقدمےکا فیصلہ سنائے گی۔