کراچی: وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ گیس سے محروم علاقوں میں دسمبر تک فراہمی کا آغاز ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے اٹک کے مختلف مقامات کا دورہ کیا، دورے کے دوران زلفی بخاری نے کرونا کے پیش نظر عوام کو درپیش مسائل اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے ضلعی انتظامیہ سے اسپتالوں کی صورت حال اور احساس پروگرام پر بریفنگ لی، عوام کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل سمیت تجاویز پر بھی مشاورت کی گئی۔
زلفی بخاری نے حلقے میں ترقیاتی مسائل کے فوری حل کی بھی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے ایم ڈی سوئی گیس کی موجودگی میں اہل علاقہ کا دیرینہ مسئلہ حل کرا دیا۔
معاون خصوصی نے گیس فراہمی اور میٹرز کی تنصیب کا کام فوری شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی سمیت سڑکوں اور اسپتالوں کے معاملات بھی بہتر کر رہے ہیں۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ گیس سے محروم علاقوں میں دسمبر تک فراہمی کا آغاز ہو جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے تجاویز پر بھی مشاورت کریں گے۔