پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا میں کروناوائرس کی روک تھام کے یے اقدامات تیز کردیے گئے، خیبرمیڈیکل یونیورسٹی میں ٹیسٹنگ استعداد کار 40 سے بڑھا کر 700کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کے پی کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور سیدوٹیچنگ اسپتال میں ٹیسٹنگ شروع کی جاچکی ہے، ایبٹ آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں جلد کروناٹیسٹ شروع ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نجی اسپتالوں میں بھی کرونا کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ ہوں گے، میڈل ایسٹ سے آئے 189 مسافروں میں ایک کا ٹیسٹ مثبت آیا، 16مسافروں کے ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔
مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو ہفتے میں 2 دن مرحلہ وار لایا جائے گا، ہفتہ اور منگل کو 500،500 پاکستانیوں کو لایا جارہا ہے، صوبے میں ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 16 ہوگئی
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے اپنے پیغام میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرونا کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے بتایا کہ ایبٹ آباد کا متاثرہ مریض برطانیہ سے واپس آیا تھا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔