کراچی: گورنرہاؤس میں گیس بحران پر قابو پانے کے لیے اہم اجلاس ہوا، جس میں اس بحران سے نمٹنے کے لیے نئی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیرپیٹرولیم غلام سرور، میاں محمدسومرو اور گورنرسندھ عمران اسماعیل سمیت صنعت کاروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں کیپٹو پاور پلانٹس کو 110 کے بجائے 50 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہمی کی پیشکش کی گئی، اس دوران صنعت کاروں کو وفاقی نمائندوں نے اعتماد میں لیا۔
گورنر ہاؤس اجلاس میں 7 صنعتوں کے چیئرمین اور کراچی چیمبر کے صدر نے بھی شرکت کی۔
صدر کراچی چیمبر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں کیپٹوپاور پلانٹ کو گیس فراہمی نئے فارمولے پر غور کیا گیا، سی این جی سے متعلق بھی نیافارمولا تیار کرنے کی کوشش ہے۔
گیس بحران، وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر ہنگامی دورے پر قطر پہنچ گئے
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں کل شام تک سی این جی اسٹیشنز کھلنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب گیس بحران کے خاتمے کے لیے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر ہنگامی دورے پر قطر پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ایل این جی جہازوں میں اضافے کی درخواست کریں گے، پاکستان ہر ماہ قطر سے ایل این جی کے چھے جہاز منگواتا ہے۔
یاد رہے گیس بحران کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے سوئی ناردرن،سدرن گیس کے بورڈز آف ڈائریکٹرزکو فوری ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائےگا، گیس کامسئلہ بڑامسئلہ ہے، ہرصورت ختم کریں گے۔