اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا، جس میں آرمی چیف ،ڈی جی آئی ایس آئی اور عسکری حکام شریک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج سہ پہر تین بجے وزیر اعظم افس میں ہوگا، وزیر اعظم شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم ، ڈی جی ایم او اور ڈی جی ایم آئی شریک ہوں گے جبکہ پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں ایک نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا اور قومی سلامتی سےمتعلق مسائل پربات چیت ہوگی
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں کالعدم تحریک طالبان کے ساتھ مذاکرات پر بھی بریف کیا جائے گا اورملک کی سلامتی کی صورتحال بھی پر غور ہوگا۔
یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی ٹیلی فون کرکے فیٹف کی گرے لسٹ سے متعلق شرائط مکمل ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے جنرل ہیڈکوارٹرز میں ‘کور سیل’ کے قیام کے ان کے فیصلے کو سراہا تھا۔
وزیراعظم نے آرمی چیف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کور سیل’ میں شامل سول اور ملٹری قیادت اور ٹیم کو شاباش دیتا ہوں،پاکستان کی جیت کے لئے کام کرنے والے ٹیم کے ہر فرد پر قوم کو فخر ہے۔