کراچی: جعلی بینک اکائونٹس کی جے آئی ٹی رپورٹ اور پی پی رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالے پر پیپلزپارٹی نے اہم اجلاس آج طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جعلی بینک اکائونٹس کی جے آئی ٹی رپورٹ اور پی پی کے رہنمائوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے سے نمٹنے پر غور کیلئے پیپلزپارٹی کا اہم اجلاس آج دو بجے بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگا۔
اجلاس کی صدارت بلاول بھٹو اور آصف زرداری کریں گے، اجلاس میں مرکزی وصوبائی رہنما شرکت کریں گے جس میں قانونی ماہرین بھی موجود ہوں گے۔
جےآئی ٹی رپوٹ اور ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے فیصلے پر مشاورت ہوگی، پیپلزپارٹی کے کل ہونے والے اجلاس میں بڑے فیصلے بھی متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ دو روز قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ ہم بھٹو والے ہیں ان کے ای سی ایل سے ڈرنے والے نہیں، پیپلز پارٹی ای سی ایل کی وجہ سے تحریک نہیں عوام کے لیے تحریک چلائے گی۔
ہم بھٹو والے ہیں ان کے ای سی ایل سے ڈرنے والے نہیں: بلاول بھٹو
یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے میگا منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی میں بلاول بھٹو، آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام بھی شامل ہے اور ان سمیت 172 افراد کے نام آج ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے جاچکے ہیں۔