ممبئی: بھارت کی نوجوان اداکارہ تونیشا شرما خودکشی کیس میں اہم انکشاف ہوا ہے جبکہ پولیس نے سیٹ پر موجود ساتھی اداکار کو گرفتار کرلیا ہے۔
تونیشا شرما نے گزشتہ روز ریاست مہاراشٹرا کے ضلع پالگھر میں جاری میوزک ویڈیو کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر خودکشی کرلی تھی۔ اداکارہ واش روم کی چھت سے جھولتی ہوئی پائی گئی تھیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق تونیشا نے پھانسی کا پھندا بنانے کے لیے جس چیز کا استعمال کیا اُسے ہاتھ پر باندھا ہوا تھا، اداکارہ نے ہاتھ میں موچ کی وجہ سے کریپ بینڈیج باندھا ہوا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی ہر پہلو سے جانچ کی جا رہی ہے لیکن یہ تو طے ہے کہ پھانسی لگنے سے ان کی موت ہوئی کیوں کہ ان کے جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں، سیٹ پر موجود ساتھی اداکار شیزان خان گرفتار کرلیا گیا جس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ تونیشا اور شیزان کے درمیان معاشقہ تھا جو سیٹ پر شوٹنگ سے 15 دن پہلے ہی ختم ہوا تھا، مبینہ طور پر شیزان نے تونیشا کو خودکشی کرنے پر اُکسایا تھا۔
تونیشا شرما نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ عشق میں ناکامی کی وجہ سے کافی پریشان تھی اور ہو سکتا ہے اسی وجہ سے خودکشی کرلی۔