لندن : آکسفورڈ یونیورسٹی کرونا ویکسین ٹرائل کے ڈائریکٹر اینڈریو پولارڈ نے رواں برس کرونا ویکسین کی تیاری کو ناممکن قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والی عالمگیر وبا کرونا وائرس کے سدباب کےلیے دنیا کے بڑے بڑے ادارے ویکسین کی تیاری میں لگے ہوئے ہیں تاہم ابھی تک سوائے روس کے کسی بھی کمپنی یا ملک کی جانب سے ویکسین کی تیاری کا اعلان نہیں کیا گیا۔
بیشتر ممالک میں کرونا وائرس کی دوسری لہر پھیل چکی ہے اور ایسے وقت میں آکسفورڈ یونیورسٹی کرونا ویکسین ٹرائل کے ڈائریکٹر نے لوگوں کو یہ کہہ کر مزید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے کہ رواں برس ویکسین کی تیاری ممکن نہیں۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کورونا ویکسین ٹرائل کے ڈائریکٹر اینڈریو پولارڈ نے کہا ہے کہ کرسمس سے قبل کرونا ویکسین کی تیاری کا امکان کم ہے لیکن آخری تحقیقی مرحلے کے نتائج جلد متوقع ہیں۔
اینڈریو پولارڈ نے کہا کہ حتمی نتائج کے بعد تحقیقی ڈیٹا کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد آئندہ برس کے آغاز میں ویکسین تیاری کو ممکن ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ کرونا ویکسین سے متعلق خوش گوار انکشاف ہوا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ آکسفورڈ یونی ورسٹی اور دوا ساز کمپنی ایسٹرا زینیکا کی تیارہ کردہ کرونا وائرس ویکسین بزرگوں اور نوجوانوں دونوں کے لیے مؤثر ہے۔