کراچی : حکومت پاکستان کی جانب سے کرونا وائرس کی لپیٹ میں آکر بیرون ملک جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی میتیں پاکستان لانے کی اجازت دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو اس مشکل گھڑی میں بھی تنہا نہیں چھوڑا گیا، وفاقی حکومت نے اوور سیز پاکستانیوں کےلیے ایک اور بڑا قدم اٹھالیا۔
وفاقی حکومت کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا، میت کی منتقلی کےلیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ایس او پیز پر عمل در آمد لازمی ہوگا۔
سی اے اے نے تمام ائر لائنز، چارٹر فضائی کمپنیوں اور گراونڈ ہینڈلنگ اداروں کو حکومتی فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے، میت کی فضائی منتقلی کےلیے سیل کردہ تابوت لازمی ہوگا اور میت کی منتقلی پر مامور متعلقہ مسافر طیارے کے کارگو یا کارگو طیارے میضں لائی جاسکے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میت کو پاکستان لانے سے پہلے ائیرلائن سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 48 گھنٹے پہلے آگاہ کرے گی۔
ای اے اے کی جانب سے متعلقہ عملے کو حفاظتی سوٹ، ماسک، گلوز، عینک، فیس شیلڈ پہننا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے جبکہ ہوائی جہاز اور ائر پورٹ پر میت رکھنے کی جگہ پر ڈس انفیکٹڈ ہونا بھی لازمی ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منتقلی کے لئے میت کو مخصوص کیمیکل میں بھگوئے دو کپڑوں میں لپیٹنا ضروری ہوگا اور میت منتقلی کے لئے جہاز میں دہری تہہ والے ڈس انفیکشن کنٹینر کا استعمال ضروری کیا جائے گا جبکہ میت منتقلی کے لئے متعلقہ مردہ خانے اور ملک سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ بھی لازمی ہو گا۔
سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ دستاویزی کارروائی پر مبنی تمام ریکارڈ کا دستی یا بذریعہ ای میل فراہم کرنا بھی ضروری ہوگا، میت متعلقہ ریکارڈ اوردستاویزات کے ساتھ مجاز حکام کے حوالے کی جائے گی اور میت وصولی سے قبل جاں بحق شخص کی شناخت سمیت دستاویزات کی تصدیق بھی لازمی کرانا ہوگی۔