اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا سے تعلقات میں بہتری حکومت کی نمایاں کام یابی ہے، ماضی کی طرح امریکا نے کسی قسم کا ڈومور کا مطالبہ نہیں کیا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے امریکا کو واضح کیا کہ افغان مسئلے کا حل سیاسی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا سمیت عالمی برادری افغان مسئلے کے سیاسی حل پر متفق ہے، وزیر اعظم کی زیر قیادت ملک مثبت تبدیلی کی راہ پر گام زن ہو چکا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے جوانوں کی قربانی کو سلام پیش کیا اور کہا کہ جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر پر ہٹ دھرمی بھارت کو مہنگی پڑ سکتی ہے: شاہ محمود
خیال رہے کہ گزشتہ روز اے آر وائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ہمیں توقع نہیں تھی کہ ٹرمپ پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت مذاکرات کی طرف نہیں آئے گا تو حالات بگڑتے جائیں گے، کشمیر پر ہٹ دھرمی بھارت کو مہنگی پڑ سکتی ہے، کشمیر پر امریکی ثالثی کی پیش کش پاکستان کی بڑی کام یابی ہے، ثالثی کی درخواست مودی نے کی، اب وہ انکار کر رہے ہیں اور ثالثی کی پیش کش پر سیخ پا ہیں۔
انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورت حال بگڑتی جا رہی ہے، امریکا کو باور کرا چکے ہیں کہ مسئلہ کشمیر حل طلب ہے۔