لاہور: گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ صوبے میں اعلی تعلیم کا فروغ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
رفیق رجوانہ نے کہا کہ ’’تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا، تعلیم و تحقیق کی سہولتیں دیے بغیر معاشرتی ترقی حاصل کرنا ناممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ دور میں دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے معیاری تعلیم اوراس کی اہمیت کو اجاگر کرنا بے حد ضروری ہے۔
تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات کی فراہمی اور بالخصوص ان کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے حوالے سے حکومتِ پنجاب خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
آپریشن ضرب عضب سے حاصل ہونے والی کامیابیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اداروں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
رفیق رجوانہ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد سے پاک فوج کو ناقابل فراموش کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اس کے علاوہ دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بیرونی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔