اداکار عمران عباس نے ’سردار جی 3’ کی ریلیز پر ناراضگی کی وجہ بیان کردی۔
بھارتی اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی فلم ’سردار جی 3’ گزشتہ روز بھارت کے علاوہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی گئی۔
عمران عباس مضبوط مذہبی جماعت بھی رکھتے ہیں اور تمام مقدس مہینوں اور تہواروں کے احترام پریقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں فلم ڈسٹری بیوٹرز اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے محرم کے مقدس ماہ کے حوالے سے غیر حساس رویے کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
اداکار نے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’میں نے پاکستان میں یکم محرم کو پہلے کبھی فلمیں ریلیز ہوتے نہیں دیکھیں، یہ شیعہ یا سنی کے بارے میں نہیں ہے، تمام مسلمانوں کے لیے مخصوص تاریخیں اور مہینے اہمیت رکھتے ہیں۔
عمران عباس نے کہا کہ ’مجھے اب بھی یاد ہے جب پی ٹی وی ان دنوں میں میوزک فری ٹرانسمیشن چلاتا تھا، اب ہم 9 محرم کو بھی ڈانس اور میوزک شوز دیکھتے ہیں، لوگ ان دنوں کو دوستوں کے ساتھ چھٹیوں کے طور پر مناتے ہیں۔
اداکار نے لکھا کہ یکم محرم کو پارٹیوں کے ساتھ اسلامی سال کا جشن مناتے ہوئے ہر کسی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ربیع الاول، رمضان اور محرم کے تقدس کا احترام کریں اور فرقہ یا پس منظر سے قطع نظر ان ماہ کی اہمیت کو تسلیم کریں۔
عمران عباس نے کہا کہ فلم کی کاسٹ کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جانا چاہیے کیونکہ وہ بطور اداکار اپنی ذمہ داریاں پوری کررہے تھے تاہم حکام اس کی ریلیز میں قدرے تاخیر کرسکتے تھے چونکہ فلم بلاک بسٹر ہونے کی امید ہے، اس لیے اس کی ریلیز کو کچھ دنوں تک ملتوی کرنے سے زیادہ فرق نہیں پڑتا۔