اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک میں جمہوریت کو کمزور کرنے کے ایجنڈے پرعمل پیرا ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ این اے 122 میں ایازصادق کی فتح نے عمران خان کے الزامات کو غلط قرار دے دیا ہے، وہ مسلسل جمہوری اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام نے 2013 کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کردیا، تحریک انصاف کو تسلیم کرنا چاہیے کہ عوام نے اپنا مینڈیٹ مسلم لیگ ن کو دیا ہے۔
انہوں نے عمران خان کے مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے ان کے تمام ترمطالبات تسلیم کئے گئے پھر بھی مسلم لیگ ن نےاتنے ہی ووٹ لئے جتنے پچھلی بارلئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزہونے والے ضمنی انتخابات میں ایازصادق نے 74525 ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے امیدوارعلیم خان نے انتہائی سخت مقابلہ کرتےہوئے 72082 ووٹ حاصل کئے۔