بنوں: عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کو کرپشن کا بادشاہ قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ میاں صاحب ادھر اُدھر کے چکر نہ لگائیں احتساب کیلئے تیار ہوجائیں،دو ہزار سولہ تبدیلی کا سال ہے۔
بنوں اسپورٹس کمپلیکس میں جاری جلسے سے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے آٹھ سال میں اٹھائیس فیکٹریاں بنائیں ثبوت ہونے کے باوجود نیب کارروائی نہیں کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر نیب نے میاں صاحب کا احتساب کردیا تو پاکستان بدل سکتا ہے کیوں کہ اس کے بعد کوئی بھی وزیر کرپشن کرنے سے خوفزدہ ہوگا لیکن ایسا نہیں ہوسکا تو کرپشن عام ہوجائے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب جتنا چاہے دوسرے ملکوں کے چکر لگالیں احتساب سے بچ نہیں سکتے،قوم کوسچ بتائیں، قوم کو بتائیں کہ اثاثے کہاں ہیں اورکتنےہیں۔
عمران خان نے خطاب میں مولانا فضل الرحمان اور اکرم درانی کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ مولانا اپنی پارٹی کانام بدل کر کرپشن بچاو پارٹی رکھ لیں۔
انہوں نے کہا کہ میں امیر لوگوں سے ٹیکس اکھٹا کرکے دکھاوں گا اور وہ پیسہ تعلیم، اسپتالوں اور روزگار کے ذریعے غریب عوام پر خرچ کروں گا اور ملک سے کرپشن کا خاتمہ کروگا، کرپشن صرف چند لوگوں کو پکڑنے سے ختم نہیں ہوگی اس کے لیے اوپر بیٹھے لوگوں کا احتساب کرنا ہوگا،بیرون ملک سوئس بینکوں میں موجود پاکستانیوں کے غیرقانونی طریقے سے بھیجے گئے پیسے واپس لے کر آئیں گے۔
انہوں نے تبدیلی کا نیا سال بھی بتایا کہ دو ہزار سولہ تبدیلی کا سال ہے اور گو نواز گو کے نعرے بھی لگوائے۔
چیئرمین تحریک انصاف خطاب کر کےروانہ ہوئے توجلسہ گاہ میں بھگڈر مچ گئی، جلسے کے بعد اسپورٹس کمپلیکس میں بھگدڑ سے مرکزی دروازہ ٹوٹ گیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔