اسلام آباد: ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی نے اپنی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ وزارت داخلہ کو بھجوادی ہے.
لندن میں قتل ہونے والے ایم کیو ایم رہنماءعمران فاروق قتل کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ تیار کی گئی، جے آئی ٹی نے رپورٹ وزارت داخلہ کو بھجوا دی، تحقیقاتی ٹیم نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزم معظم علی، محسن اور خالد شمیم سے تحقیقات کی جبکہ بینک اکاﺅنٹس اور ٹیلیفون کالز سے بھی تحقیقات میں مدد لی گئی۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما کے قتل کی سازش کراچی میں ہوئی ، جس کی منصوبہ بندی تین ملزمان معظم علی، محسن اور کاشف نے کی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کے خلاف پاکستان میں مقدمہ درج کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے، رپورٹ کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جا سکتی ہیں۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر انعام غنی سمیت رینجرز اور آئی ایس آئی کے افسران بھی شامل تھے۔