اسلام آباد: ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے نامزد ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سات روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے نامزد ملزمان معظم علی، خالد شمیم اور محسن علی پیش کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج کوثر عباس نے کیس کی سماعت کی۔
ایف آئی اے کی نگرانی میں ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں لایا گیا، ایف آئی اے نے ملزمان کے پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس کے بعد ملزمان کو سات روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔
گزشتہ روز ملزمان سید محسن علی، معظم علی خان اور خالد شمیم کو اسلام آباد کے جوڈیشل مجسریٹ کی عدالت میں پیش کیا، جہاں ان کی شناخت کرنے کے بعد عدالت نے انہیں ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا تھا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کو پانچ سال قبل لندن میں قتل کیا گیا تھا۔