اسلام آباد: عمران فاروق قتل کیس کی تفیش کرنے والی اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم اسلام آباد سے برطانیہ روانہ ہوگئی، تفتیش کے دوران ملزم محسن علی نے اعتراف جرم کرلیا۔
ڈاکٹرعمران فارق کیس کے ملزم محسن علی نے اسکاٹ لینڈیارڈ کو سب بتادیا، محسن علی کےاعترافِ جرم سے الجھی ڈور سلجھنے لگی ہے، اسکاٹ لینڈ یارڈ کے تفتیش کار ملزم سے معلومات لینے کے بعد برطانیہ روانہ ہوگئے۔
ٹیم نے اسلام آباد میں دو روز تک محسن علی سے تحقیقات کیں، ٹیم کو پاکستانی ارکان کی معاونت بھی حاصل رہی، اسکاٹ لینڈ یارڈ ملزم سے ہونیوالی تفتیش کی روشنی میں کیس کوآگے بڑھائے گی ۔
برطانیہ نے کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پاکستانی اداروں کی تحویل میں موجود تین ملزمان مانگ لئے ہیں۔
گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے ملزم محسن کا بیان لیا، ملزم نے اپنے بیان اعتراف کیا کہ کاشف نے اس کے سامنے ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل کیا، ڈاکٹر عمران فاروق نے حملے میں مزاحمت کی، جس کے نتیجے میں محسن اور کاشف معمولی زخمی ہوئے۔
محسن نے تصدیق کی کہ اس سارے معاملے میں ملزم معظم علی ان کا سہولت کار تھا اور کراچی ایئرپورٹ پر انکی واپسی پر منتظر تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔