حافظ آباد: عمران خان نے اگلے مہینے اسلام آباد میں بڑے جلسے کا پیغام دے دیا ۔کہتے ہیں تین حلقوں میں گو نواز گو کا نعرہ لگ گیا چوتھے میں بھی یہی نعرہ لگے گا۔
کسان کنونشن سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ملک کی پچیس فیصد آمدن کسانوں کی وجہ سے ہے لیکن کسانوں کو ان کے محنت کی قیمت نہیں مل رہی۔ تین سو کروڑ روپے راولپنڈی میٹرو پر لگا دیے گئے۔ اگر حکمرانوں کو خوف ہوتا تو میٹرو منصوبے کے بجائے پیسہ کسانوں پر خرچ کرتے۔عمران خان نے کہا کہ تین حلقوں کے نتائج عوام کے سامنے ہیں۔ چوتھے حلقے کا نتیجہ بھی پہلے تین حلقوں جیسا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب تیاری کرلیں چار اکتوبر کو اسلام آباد آرہا ہوں تین حلقوں میں ہیٹرک کے بعد کپتان نے دعوٰی کیا کہ چوتھے حلقے سے گونواز گوکی آواز آئے گی۔
کپتان نےحافظ آباد کے ڈی پی اوکی آڈیو سنانے کیلئے موبائل مانگا لیکن شور کی وجہ سے سنا نہیں سکے کپتان نے خطاب کیا اور چل پڑے لیکن کچھ یاد آنے پر واپس آئے مائک اٹھایا اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگادیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے ایک بار پھر اسلام آباد میں چار اکتوبر کے جلسے کا ذکر کرتے ہوئے لاکھوں افراد جمع کرنے کا دعوٰی کیا، عمران خان نے واضح کیا کہ وہ ضمنی الیکشن سے راہ فرار اختیار نہیں کریں گے۔