اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

حکومت کو کسی شارٹ کٹ کے ذریعے نہیں ہٹایا نہیں جاسکتا، عمران اسماعیل

اشتہار

حیرت انگیز

جامشورو : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان نے محنت اور جدوجہد کے بعد یہ مقام حاصل کیا ہے اور کسی شارٹ کٹ جیسے دھرنے کے ذریعے انہیں ہٹایا نہیں جاسکتا، اقتدار کے حصول کیلئے کیا گیا دھرنا کامیاب نہیں ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیڈٹ کالج پٹارو جامشورو میں28ویں آل پاکستان بائی لینگول ڈکلیمیشن کونٹیسٹ کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ عوام نے وزیر اعظم عمران خان کو پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے، موجودہ حکومت کسی چور دروازے سے نہیں بلکہ عوام کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئی ہے اسے کسی شارٹ کٹ کے ذریعے انہیں ہٹایا نہیں جا سکتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پر امن احتجاج کرنا ہر کسی کا جمہوری حق ہے مگر اس کی آڑ میں کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی.

مولانا کو اپنے اعلانات پر نظر ثانی کرنی چاہیے کیونکہ ملک دشمن عناصر ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں مگر وہ اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

اس سے قبل کیڈٹ کالج پٹارو میں تقریب سے خطاب میں عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کیڈٹ کالج پٹارو پاکستان کا بہترین اداراہ ہے جس نے تعلیم کے شعبے کی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔

مجھے خوشی ہے کہ ملک میں کیڈٹ کالج جیسے ادارے موجود ہیں جہاں نہ صرف نصابی بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کی بہتر تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں میں اضافے کا بہتر مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کیڈٹ کالج سے فارغ التحصیل نوجوان پاک فوج، صحت، تعلیم، اقتصادیات سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں،جو لوگ بڑے خواب دیکھتے ہیں وہ محنت اور لگن کے ساتھ ہر مشکل امتحان میں کامیابی حاصل کرتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں