کراچی : سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ملک چلانے کیلئے مشورے وہ شخص دے گا ،جو خود نااہل ہوکر مفرورہوا، ملک پر لندن میں بیٹھے مجرموں کے فیصلے تھوپنے نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نواز شریف کے لندن میں ہنگامی اجلاس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے فیصلے لندن میں بیٹھا ایک مفرور مجرم کررہا ہے، ملک پر لندن میں بیٹھے مجرموں کے فیصلے تھوپنے نہیں دیں گے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ قوم میرجعفر اور میر صادق کی غلامی کی ادائیں دیکھ رہی ہے، ملک لندن سے چلانا ہے تو وہیں سے کسی کوامپورٹ کردیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ملک چلانے کیلئےمشورےوہ شخص دےگاجوخودنااہل ہوکرمفرورہوا، ملک کے حالات اور امپورٹڈ حکمرانوں کے شاہانہ دورے افسوسناک ہیں۔
خیال رہے نوازشریف نے لندن میں ن لیگ کی سینئر قیادت کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے ، وزیراعظم شہباز شریف ، احسن اقبال ، مریم اورنگزیب ، سعدرفیق ، خرم دستگیراوردیگر رہنما لندن میں ہونیوالےاجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلآس میں موجودہ معاشی اور سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوگی اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔