حیدر آباد: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی پارٹی سب سے زیادہ مقبول جماعت ہے۔ وزیر اعظم عوامی وزیر اعظم ہیں، وہ کبھی استعفیٰ نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ حیدر آباد میں کافی ڈیولپمنٹ کی ضرورت ہے، وزیر اعظم پروگرام کے تحت جلد کام شروع کیا جائے گا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ نیب اپنے حساب سے بلا تفریق کارروائی کرتا ہے، وزیر اعظم اور ان کی پارٹی سب سے زیادہ مقبول جماعت ہے۔ وزیر اعظم عوامی وزیر اعظم ہیں، وہ کبھی استعفیٰ نہیں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ سے اپیل ہے وہ اپنے کاشت کاروں کا خیال کرے۔ وفاقی حکومت ہر وقت سندھ حکومت کی مدد کو تیار ہے۔
اپوزیشن کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ نواز شریف کی صحت ٹھیک ہے لہٰذا وہ مقدمات کا سامنا کریں، اسلام آباد میں دھرنا مولانا فضل الرحمٰن کا فلاپ شو تھا۔
اس سے قبل ایک موقع پر گورنر سندھ نے کہا تھا کہ ملک میں دو نظام نہیں چل سکتے، امیر کے لیے الگ اور غریب کے لیے الگ نظام نہیں ہوسکتا، ہم مر جائیں گے لیکن کسی کے سامنے جھکیں گے نہیں، جو چور ہے وہ امیر ہے یا غریب قانون سب کے لیے ایک ہوگا۔