اسلام آباد: پاکستان کے منتخب ہونے والے 22ویں وزیر اعظم عمران خان اب سے کچھ دیر بعد رات ساڑھے نو بجے قوم سے پہلا خطاب کریں گے جس میں وہ مستقبل کے حوالے سے ترتیب دی جانے والی پالیسیوں کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔
وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والے نامزد وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا ہے کہ ’وزیر اعظم کا قوم سے خطاب روایتی نہیں بلکہ یہ غیر روایتی اور فی البدیہہ ہوگا‘۔
وزیر اعظم کا قوم سے خطاب ایک روائتی فارمل خطاب نہیں ہو گا ایک بالکل informal اور extempore بات ہو گی
— Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 19, 2018
قبل ازیں نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے بنی گالہ پہنچنے کے بعد پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا جس میں کابینہ کے اراکین سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی، اجلاس میں قوم سے کیے جانے والے پہلے خطاب اور اُس کے نکات پر اہم تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں عمران خان نے میڈیا مالکان سے ملاقات کی، اس موقع پر اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال بھی موجود تھے۔ میڈیا مالکان نے عمران خان کی سادگی کے عزم کا بھرپور ساتھ دینے کا بھی اعلان کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھانے والے عمران خان نے اگلے ہی روز مثال قائم کرتے ہوئے ہفتہ وار چھٹی کے دن بھی آرام نہیں کیا اور وہ امور مملکت چلانے میں مصروف رہے۔