اشتہار

حقیقی آزادی کی تحریک کیلیے مجھے وکلا کی ضرورت ہے، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

سابق وزیراعظم عمران خان نے وکلا برادری کو اسلام آباد آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقی تحریک آزادی کیلیے مجھے وکلا کی ضرورت ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ ہے کہ جس تحریک میں وکیل شامل نہ ہو تو وہ کامیاب نہیں ہوتی، قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال بھی وکیل تھے اور اس وقت بھی تحریک آزادی وکلا نے ہی کامیاب کرائی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ امریکی سازش کے تحت رجیم تبدیل کرکے لٹیروں کو مسلط کیا گیا، ہمیں یہ غلامی منظور نہیں اور امریکا نے اس رجیم کی تبدیلی کے ذریعے جن چوروں لٹیروں کو قوم پر مسلط کیا ہے ہم اس کو مسترد کرتے ہیں۔

- Advertisement -

سابق وزیراعظم نے وکلا کو اسلام آباد آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مجھے حقیقی آزادی کی تحریک کیلیے وکلا کی ضرورت ہے، آپ نے اپنے بچوں کیلئے اس ملک کو آزاد اور خوددار قوم بنانا ہے اس لیے آپ میرے لئے نہیں بلکہ اپنے اور بچوں کی حقیقی آزادی کیلئےنکلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملتان کے جلسے میں لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا، اسلام آباد مارچ کیلئے میں سب کو آنے کی دعوت دیتا ہوں، پرامن احتجاج ہماراجمہوری حق ہے، ہم پر مسلط لوگ ہمیں روکنے کیلیے ہر حربہ استعمال کرنے کی کوشش کرینگے، کرینگےاس لئےمجھے وکلاکی ضرورت ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ شہبازشریف اور اس کے بیٹے پر منی لانڈرنگ، کرپشن کے کیسز ہیں، یہ اپنے مقدمات ختم کرانا چاہتے ہیں اور اپنے ڈاکے کو این آراو دلانا چاہتے ہیں، تمہیں پاکستان کی جیل میں ہونا چاہئے غریب کیوں جائیں، اپنے وکیلوں سے کہتا ہوں آپ کو سپریم کورٹ جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کو ملک کیلئے جہاد کرنے کی دعوت دے رہا ہوں، اللہ چاہتا ہے کہ ہم اس کی زمین پر انصاف قائم کریں، اللہ نے انسان کو زمین پر صرف ایک مقصد کیلئے بھیجا ہے، اس لئے میں نے اپنی جماعت کا نام انصاف کی تحریک رکھا تھا، قانون کی عملداری میں شائد ہی کوئی مسلمان ملک اوپر ہوگا، سوئزرلینڈ میں 99 فیصد رول آف لا ہے اور وہاں خوشحالی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ وکلا کو پھر کہتا ہوں یہ تحریک ملک کو عظیم بنانے اور ان چوروں کو ہمیشہ کیلئے دفن کرنے کیلئے ہے، یہ تحریک امریکا کی غلامی سے ہمیشہ کی آزادی کیلئے ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں لاہور بار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے بہت زبردست اجتماع کیا ہے اس سے قبل جب پی ٹی آئی سربراہ خطاب کیلیے لاہور بار پہنچے تو وکلا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، وکلا نے عمران خان کی ایک جھلک دیکھنے کیلیے اسٹیج کو مکمل بھر دیا جبکہ ایوان اقبال میں بھی جگہ کم پڑگئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں