جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

یہ لوگ عید کے بعد میری کردار کشی کریں گے، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ لوگ عید کے بعد میری کردار کشی کریں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 35 سال سے یہ مافیا دو طریقے سے چلتا ہے۔ ایک یہ لوٹوں کو پیسہ دے کر خریدتے ہیں دوسرا طریقہ کردارکشی کرنا ہے، یہ لوگوں کو ڈراتے دھمکاتے ہیں،2017 میں پیسے دے کر میرے خلاف کتاب لکھوائی گئی، اب یہ لوگ عید کے بعد میری کردار کشی کرینگے۔

عمران خان نے کہا کہ شریف مافیا نے بینظیر اور نصرت بھٹو کی جعلی تصاویر پھینکیں، اسی مافیا نے اس خاتون کے خلاف جو مسلمان ہوکر پاکستان آئی اس کیخلاف یہودی ہونے کی مہم چلائی، شہبازشریف نے سب سے زیادہ پولیس مقابلے میں مخالفین کو مروایا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ میر جعفر اور میر صادق کیساتھ ملکر چوروں کا ٹولہ مسلط کیا گیا، شہباز شریف کو اس لئے مسلط کیا گیا کیونکہ یہ کبھی باہر کی قوتوں کے مفاد کیخلاف نہیں جاتا، 400ڈرون حملےہوئے،شہبازشریف کے بھائی اور زرداری نے ایک لفظ نہیں کہا، ہم نے اس سازش کو ناکام بنانا ہے اور ملک میں الیکشن کروانے ہیں، عوام جس کا فیصلہ کریں اسی کو ملک میں حکومت کرنی چاہیے، اب جو بھی آئے گا وہ عوام کی طاقت سے آئے گا۔

پی ٹی آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف وہ آدمی ہے جس پر 40ارب کی کرپشن کے کیسز ہیں، چور مافیا کو مسلط کرنا ہمارے 22 کروڑ لوگوں کی توہین ہے، اگلے دو سے تین روز میں شریفوں کی کرپشن کا وائٹ پیپر جاری کروں گا، شریفوں کے کتنے کیسز ہیں انہوں کتنا پیسہ چوری کیا یہ سب قوم کو بتاؤں گا۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسلام آباد کےمارچ کا کامیاب ہونا ضروری ہے، اسلام آباد کیلئے میری کال ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرےگی کہ آزاد رہنا ہے یا غلام بن کر، 75سالہ دورمیں یہ سب سے اہم حقیقی آزادی کی تحریک ہوگی، پی ٹی آئی عہدیداران، کارکنان نے جنوبی پنجاب کو اسلام آباد کیلئے تیار کرنا ہے، چیلنج کرتاہوں میری کال پر 30لاکھ لوگوں کا سمندر اسلام آباد آئےگا۔

عمران خان نے کہا کہ یہ تحریک انصاف کی نہیں بلکہ آزاد پاکستان کی جنگ ہے، اگر ہم آزاد ملک بننا چاہتے ہیں تو جدوجہد کیلئے تیار ہونا پڑے گا کیونکہ اگر ہم آزاد ملک کیلئے جدوجہد نہیں کرینگے تو اللہ ایسے ہی رکھے گا اور یہ باہر کے پتلے ہم پر مسلط رہیں گے، آپ نے حقیقی آزادی کی تحریک کیلئے بچے بچے کو تیار کرنا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک جنگ ہتھیار اور دوسری زبان سے ہوتی ہے، ہم اپنی زبان سے اس مافیا کیخلاف جنگ لڑیں گے اور لوگوں کو تیار کرینگے، خاص طور پر وکلا برادری بھی تیار رہے کیونکہ تحریک آزادی کی جنگ میں انہوں نے سڑکوں پر آنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو جتنا فائدہ ہمارے دور میں ہوا اتنا تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، امپورٹڈ حکومت آتے ہی کسانوں کو ڈیزل نہیں مل رہا، ابھی یہ پیٹرول اور فضل الرحمان کو مہنگا کرینگے، چوروں کے ٹولےسے ملک سنبھالا نہیں جائیگا، ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے پورا زور لگایا، جنوبی پنجاب صوبےکا بل اسمبلی میں ٹیبل کردیا ہے، آپ مجھے دوتہائی اکثریت دینگے تو میں جنوبی پنجاب صوبہ بناکر دکھاؤں گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں