بدھ, دسمبر 25, 2024
اشتہار

حکومت منصوبہ بندی کے تحت خواتین کو نشانہ بنا رہی ہے، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت منصوبہ بندی کے تحت خواتین کو نشانہ بنا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ کل رات ساڑھے 12 بجے رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کی جس کے بعد کوئی شک نہیں کہ ہماری خواتین کے ساتھ برا سلوک کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خواتین کو جس طرح پکڑا گیا سب نے دیکھا، زیرِ حراست خواتین سے ریپ کا بھی ہم نے سنا ہے، ان کو ڈر ہے خواتین جیلوں سے باہر آکر پریس کانفرنس کریں گے۔

- Advertisement -

متعلقہ: حکومت نے پی ٹی آئی کیساتھ مذاکرات سے صاف انکار کر دیا

’ان سے کوئی ایسی چیز ہوگئی ہے جو ان سے اب سنبھالی نہیں جا رہی۔ ان کو ڈر ہے بات باہر نکل نہ آئے اس لیے تیاری کر رہے ہیں۔ یہ تاثر دے رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کی کوئی بڑی سازش تھی۔ میں اپنی زندگی میں پاکستان میں خواتین کے ساتھ ایسا سلوک نہیں دیکھا۔ خواتین کی عزت صرف روایت ہی نہیں بلکہ دین کا بھی حصہ ہے۔‘

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ خوف پھیلانے کیلیے منصوبہ بندی سے خواتین سے بدتمیزی کی گئی، منصوبہ بندی سے خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، سیاسی رہنماؤں کو دباؤ میں لانے کیلیے خواتین سے بدسلوکی کی جا رہی ہے، ملک میں 50 فیصد خواتین ہیں جنہیں سیاست سے نکالا جا رہا ہے۔

قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس نے جیلوں میں خواتین سے بدسلوکی پر شک دور کر دیا۔

متعلقہ: انٹیلی جنس اداروں نے گفتگو پکڑی ہے، کرداروں کو واچ کیا گیا، رانا ثنا اللہ

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے بارے میں کوئی شک رہ گیا تھا تو اس سند یافتہ مجرم کی پریس کانفرنس نے ایسے تمام شکوک و شبہات دور کر دیے، رانا ثنا اللہ واضح طور پر ان خوفناک کہانیوں کو ایک سازش کے جواز میں چھپانے اور قبل ازوقت ان کا پردہ چاک کرنے کی آڑ میں ذمے داری سے فرارکی کوششیں کر رہا ہے جوعنقریب منظرعام پر آنے والی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ خواتین کو آج سے پہلے کبھی اس طرز کی بدسلوکی اور ہراسگی کا نشانہ نہیں بنایا جیسے پرامن احتجاج کے بنیادی حق کے استعمال کی پاداش میں انہیں اس فسطائی حکومت کی جانب سے بنایا جا رہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں