جیکب آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بھٹو کے نام پر سندھ میں لوگوں کا قتل عام ہورہا ہے، آصف زرداری اور ان کی بہن نے بھٹو کے نام پر سندھ کو لوٹا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ سندھ سب سے امیر صوبہ بن سکتا ہے، سندھ کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، سندھ کا پیسہ آصف زرداری ان کے وزیر چوری کرکے باہر لے کر جارہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اڈیالہ جیل میں آصف زرداری کا انتظار کررہے ہیں، شہباز شریف نے کہا تھا زرداری سے پیسہ نکلواؤں گا، شہباز شریف کا بھی اڈیالہ جیل میں انتظار کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ میں پولیس کو تباہ کردیا ہے، پولیس جرم پر لگ جائے تو عوام کیا کریں گے، یہ لوگ پولیس ٹھیک کرنے کے بجائے ان کو استعمال کرتے ہیں، کے پی میں ساڑھے 6 ہزار پولیس اہلکاروں کو کرپشن پر نکالا گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سندھ کے لوگ اللہ کی طرف سے اس موقع کو ضائع نہ ہونے دیں، پیپلزپارٹی نے 6،6 بار صوبوں میں حکومت کی ہے، آصف زرداری نے بلاول کو آگے کردیا اسے پاکستان کیا سندھ کا بھی نہیں پتہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ 25 جولائی کو آصف زرداری کی شکست سے نیا دور آئے گا، سندھ کے اندر 55 فیصد بچے اسکول سے باہر ہیں، سندھ کا 80 فیصد پانی زہریلا ہے، سپریم کورٹ کی رپورٹ موجود ہے، سندھ کے نوجوانوں کے مستقبل کا فیصلہ ہونے جارہا ہے، 10 سال میں جو کچھ نہ کرسکے آگے بھی کچھ نہیں کریں گے۔