پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عمران خان اور علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام آباد میں ایک اور مقدمہ چونگی نمبر 26 کے مقام پر ہنگامہ آرائی کرنے پر تھانہ نون میں درج کیا گیا ہے جس میں دہشتگردی سمیت 10 دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے میں مظاہرین پر سرکاری گاڑیوں پر حملہ کر کے انہیں جلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے جب کہ اس میں عامر مغل سمیت 3 ہزار کے قریب نا معلوم کارکنان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میونل سے ہٹ کر غیر ضروری ملاقاتیں کرتے ہیں اور رابطوں کی سہولت ملنے پر کارکنوں کو ریاست کے خلاف اکساتے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ چند دنوں میں بانی پی ٹی آئی اور دیگر پارٹی رہنماؤں پر 20 سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں اور بیشتر میں دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔