ساہیوال : وفاقی وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ عمران خان اور قائد ایم کیوایم کو وہ بیماری ہے جس کا علاج اندرون و بیرون ملک کہیں بھی نہیں۔
ساہیوال کے دورے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ قائد ایم کیو ایم اورعمران خان میں کوئی فرق نہیں ہے دونوں لاعلاج مرض میں مبتلا ہیں اور دونوں لاشوں کی سیاست کرنے والے ملک دشمن لیڈرہیں۔
وفاقی وزیر مملکت بجلی و پانی عابد شیرعلی ساہیوال کے لوگوں کی اووربلنگ سے متعلق شکایات کے حوالے سے لوگوں سے ملاقات کر رہے تھے جس کے دوران انہوں نے دو واپڈا اہلکاروں کو معطل جب کہ 2 ایس ڈی اوز کی سرزنش کی اور کارکردگی بہتر نہ بنانے پرمعطلی سمیت ملازمت سے خارج کیے جانے کا عندیہ دیا۔
دورے کے بعدعابد شیر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی جمہوری حکومت کو گرانے کی کوشش کی تھی اوراب بھی جمہوریت کے خلاف ہرسازش کو ناکام بنا دیا جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ روشن چمکتا ستارہ ملک کواندھیروں سے چھٹکارا دلائیں گے عوام مایوس نہ ہوں ،یقین دلاتے ہیں کہ 2018 تک ملک سے اندھیروں کا خاتمہ ہو جائے گا۔