اسلام آباد:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وفد نے ملاقات کی جس میں عمران خان نے وفد کی دعوت قبول کرتے ہوئے چین کے دورے کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندہ اسلام آباد عبدالقادر کے مطابق چینی کمیونسٹ پارٹی کے سات رکنی وفد نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ملاقات کی اور انہیں چین کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے عمران خان نے قبول کرتے ہوئے چین جانے کا اعلان کردیا۔
ملاقات میں خطے کی اور پاکستان کی سیاسی صورتحال بالخصوص سی پیک کے حوالے سے بات کی گئی جس میں عمران خان نے اپنا پارٹی موقف کمیونسٹ پارٹی کے سامنے رکھا۔
وفد سے ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی ترجمان نعیم الحق اور رہنما شہزاد وسیم بھی موجود تھے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عمران خان نے دورہ چین کی دعوت قبول کرلی اور بتایا کہ وفد نے انہیں چین کے دورے کی دعوت دی تھی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملاقات میں شہری ترقی میں چین کے تجربات پر بھی خصوصی گفتگو کی گئی، غربت کے خاتمے کے لیے چینی حکومت کے اقدامات زیر بحث آئے۔
ملاقات میں عمران خان نے سی پیک پر اپنے موقف سے چینی وفد کو آگاہ کر دیا،چینی وفد نے عمران خان کو شیلڈ اور اپنا پارٹی پرچم تحفے میں دیا۔