پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے 9 مئی کے واقعات پر مشروط معافی مانگنے کا اعلان کرتے ہوئے واقعات کی سی سی ٹی سامنے لانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی واقعات سے متعلق مشروط معافی مانگنے کا اعلان کرتے ہوئے ان واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لانے کی شرط عائد کی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ فوٹیج سے ملزمان کی شناخت کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور اگر ملزمان کا تعلق پی ٹی آئی سے نکلا تو نہ صرف میں خود انہیں پارٹی سے نکالوں گا بلکہ معافی مانگوں گا۔
دریں اثنا اسی حوالے سے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ عمران خان نے مشروط معافی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اگر 9 مئی واقعات میں ہمارا کوئی بندہ ملوث ہوا تو وہ معافی مانگ لیں گے اور اگر ایسا نہ ہوا تو پھر آپ کو معافی مانگنا ہوگی۔
علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر ان واقعات میں ہمارا کوئی کارکن ملوث ہوا تو اسے پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں سب اپنے کیسز لے کر گئے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی الیکشن کمیشن سے اپنا جائز حق مانگ رہے ہی۔ اب یہ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ ان کیسز پر جلد فیصلہ کرے۔
علیمہ خان نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو غیر قانونی طور پر جیلوں میں رکھا گیا اور ان پر جعلی کیسز بنائے گئے ہیں۔