اسلام آباد : تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی تمام نشستوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ، 33 نشستوں پر پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے پینتیس ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کئے جانے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تحریک انصاف تمام نشستوں پرالیکشن لڑے گی اور عمران خان ان 33 نشستوں پر پی ٹی آئی کے امیدوارہوں گے، استعفوں کی منظوری کا شکریہ۔
تحریک انصاف تمام نشستوں پر الیکشن لڑے گی اور عمران خان ان تینتیس نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 17, 2023
گذشتہ روز قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کرلئے گئے تھے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی سفارش پر اراکین کوڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔
ڈی نوٹیفائی ہونے والوں میں شاہ محمودقریشی، اسدعمر، اسدقیصر، پرویزخٹک،فواد چوہدری، مرادسعید،عمرایوب، شیخ رشید احمد، شیخ راشد شفیق اور علی امین گنڈاپور، حماد اظہر، عمران خٹک، شہر یارآفریدی،غلام سرور خان، نورالحق قادری، راجہ خرم شہزاد شامل ہیں۔
علی نوازاعوان،صداقت علی خان، شفقت محمود، منصورحیات خان، ثنااللہ خان، ملک امیرڈوگر، زرتاج گل، فہیم خان، سیف الرحمان، عالمگیرخان، علی زیدی، آفتاب صدیقی، عطااللہ خان،آفتاب جہانگیر، محمداسلم خان، نجیب ہارون اورقاسم سوری شامل ہیں،مخصوص نشستوں پرعالیہ حمزہ اورکنول شوزب کوبھی ڈی نوٹیفائی کیا گیا۔