اسلام آباد : چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے درباری دسمبر گزر جانے کو اپنی جیت نہ سمجھیں ہمیں موقع مل گیا ہے، کیس کیلئے اب پوری تیاری کریں گے۔ عمران خان نےشہباز شریف کے خلاف بھی عدالت جانے کا اعلان کردیا۔ ملکی عدالتی نظام کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، مسلم لیگ ن میں جمہوریت نہیں صرف بادشاہت ہے، شریف فیملی کا پانامہ کیس میں دفاع ہے ہی نہیں۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں جمہوریت ہے ہی نہیں ،یہ صرف بادشاہت ہے،ہمیں پتہ چل گیا ہے کہ شریف فیملی کا پانامہ کیس میں دفاع ہے ہی نہیں۔
سات مہینے گزرگئے لیکن ابھی تک انہوں نے آئی سی آئی جے کو کچھ نہیں کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید تھی کہ پاناما لیکس کیس میں یہی بینچ فیصلہ کرے گا، یہ سپریم کورٹ کی تاریخ کا بہترین بینچ تھا۔ پاکستان کے عدالتی نظام کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ہماری عدالتیں ہمیں انصاف دیتی رہیں گی تب تک ہمیں کوئی بھی تباہ نہیں کر سکتا،انصاف پر ہی پوری قوم متحد ہوتی ہے۔ بلوچستان میں بھی اسی وجہ سے بد امنی پھیلی ہوئی ہے کہ وہاں کے لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا۔
جنوبی کوریا کی صدر کا بھی کرپشن پر مواخذہ شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑے کاروباری ہے لیکن ان کے پاس کوئی منی ٹریل نہیں ہے،ان کو 26لاکھ درہم کا نقصان تھا لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ نقصان پورا کیسے کیا؟
شریف خاندان نے پاکستان کے عوام کے ساتھ غلط بیانی کی،ان کے پاس کوئی کاغذات نہیں ہیں۔ جب میرے پاس اثاثوں کا منی ٹریل ہے تو شریف فیملی کےپاس کیوں نہیں ؟
انہوں نے کہا کہ قطری شہزادے کے خط کا ڈرامہ کیا گیا، جب خط دیکھا گیا تو وہ مذاق تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپنی کرپشن اور منی لانڈرنگ چھپانے کے لئے جھوٹ پہ جھوٹ بول رہے ہیں،نواز شریف کو استعفیٰ دینا چاہئیے تھا۔ یہ سارا پیسہ قوم کا ہے جو انہوں نے چوری کیا۔
پروگرام پاور پلے میں دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے بتایا کہ شریفوں نے خود کو کپاس کی کاشت کےعلاقے میں شوگر مل لگانے کی غیرقانونی اجازت دے دی، اس حوالے سے کل چوہدری اعجاز وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ بہت عرصے سے مطالبہ کررہا ہوں کہ اثاثے ڈکلیئر کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے ترقیاتی منصوبے تباہ اور شریف فیملی کے اثاثے بڑھ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مقصد کا کوئی ٹائم فریم نہیں ہوتا،میرامشن جاری رہے گا۔