ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

وزیر اعظم اسمبلی میں جھوٹ بولتے ہیں،عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اسمبلی میں جھوٹ بولتے ہیں، پانچ مہینے ہوگئے پانامہ لیکس پر جواب نہیں ملا، جب تک اختیارات نہیں دیئے جاتے قومی اسمبلی کا کوئی فائدہ نہیں۔

اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانچ مہینے ہوگئے پانامہ لیکس پر جواب نہیں دیا گیا، وزیراعظم نوازشریف پر ٹیکس اور کرپشن کے الزامات ہیں اداروں کو کارروائی کرنی چاہیئے تھی.

ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا بلاول بھٹو ان کے ساتھ ایک کنٹینرپر کھڑے ہوسکتے ہیں مگر ان کی خواہش ہے کہ بلاول بھٹو سندھ سے تحریک شروع کریں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو وزیراعظم ہی مضبوط کرتے ہیں، وزیراعظم خود پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر جھوٹ بولتےہیں، وزیراعظم ہی پارلیمنٹ کو جوابدہ نہیں تو ایوان کیسے مضبوط ہوگا،یہ کیسی جمہوریت ہے کہ ہم5مہینےسے جواب مانگ رہے ہیں اور موجودہ جمہوریت میں جواب دینے کے بجائےاپوزیشن پر حملے ہورہےہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے خود پارلیمنٹ کو کمزور بنا دیا ہے، طوطا مینا کی کہانی سے پارلیمنٹ مضبوط نہیں ہوتی، پارلیمنٹ مضبوط نہیں ہوگی تو عوام کو کیا فائدہ ہوگا؟ وزیراعظم نوازشریف پر ٹیکس اورکرپشن کے الزامات ہیں، ایف بی آر اور نیب کو وزیراعظم کیخلاف کارروائی کرنی چاہیے تھی۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ موقع دیکھ کرہی اسمبلی میں جاؤں گا، کوئٹہ کے جو حالات دیکھے وہ بیان نہیں کرسکتا، عسکری اداروں کیخلاف بیانات ٹھیک نہیں تھے، سندھ اور پنجاب کی پولیس دہشت گردوں سے نہیں لڑسکتی، پولیس کے ادارے میں کام کرنے کی ضرورت ہے، آئی جی اعتراف کرتے ہیں کہ پولیس میں سیاسی عمل دخل ہے،

پنجاب کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ پنجاب پولیس چھوٹو گینگ سے نہیں لڑسکتی تو دہشت گردوں سے کیا لڑے گی، خیبرپختونخوا پولیس کو ہم نے غیرجانبدار کرکے پروفیشنل بنادیا ہے، پاکستان میں اسٹیٹس کو ہے جو اقتدار میں آنے کیلئے پولیس کو استعمال کرتا ہے، پولیس حکمرانوں کا عسکری ونگ بنا ہوا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت کا کام الزام لگانا نہیں مجرموں کو پکڑ کر سزا دلانا ہے،حکومت کبھی بھی اپوزیشن کو بلیک میل نہیں کرتی، انہوں نے مک مکا کرکے پاکستان کی بندر بانٹ کی ہوئی ہے، میں اپنی حلال کی کمائی کرکے پاکستان لایا ہوں، یہ لوگ حرام کی کمائی کرکے پیسہ پاکستان سے باہر لے گئے ہیں،

انھوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کیخلاف ریفرنس تیار کر رہےہیں، میں تو چاہتا ہوں کہ نوازشریف اور میری سماعت ایک ساتھ ہو، میری اور نوازشریف کی ایک ساتھ سماعت اچھاٹی ٹوئنٹی ہوگا، حکمرانوں سے پوچھنا چاہیے کہ نیشنل ایکشن پلان پرعمل کیوں نہیں ہوا، مدرسہ ریفارمزنیشنل ایکشن پلان میں شامل ہے، بے نظیر کے قاتل مدرسہ حقانیہ میں تھے، تو مدرسے کو کیوں بند نہیں کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں