میرپور: صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر اور سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ عمران خان آزاد کشمیر کے بارے میں انتہائی حساس ہیں، وہ آزاد کشمیر کو سوئٹزر لینڈ سے کسی طور کم نہیں سمجھتے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سردار تنویر الیاس کا کہنا ہے کہ مظفر آباد، نیلم، باغ، راولاکوٹ، کوٹلی اور میر پور میں سیاحت کا بہترین پوٹینشل موجود ہے، آزاد کشمیر کے قدرتی حسن اور لینڈ اسکیپ کو متاثر کیے بغیر اسے سیاحت کے لیے حقیقی جنت بنائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر سیاحت سمیت پانچ دیگر شعبوں میں بھر پور کام کر کے معاشی استحکام لایا جا سکتا ہے، کاٹیج انڈسٹری کے لیے تحصیل اور ضلع کی سطح پر یہاں بھرپور پوٹینشل موجود ہے۔
تنویر الیاس نے کہا آزاد کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم اپنی بساط کے مطابق عمران خان کی کمٹمنٹ کے مطابق آپ کو بدلا ہوا کشمیر دیں گے، آزاد کشمیر کے عوام کو وہ تبدیلی ملے گی جو ان کا خواب تھا۔
انھوں نے کہا کہ دو دریاؤں کے درمیان قائم مظفر آباد جیسا خوب صورت شہر دنیا میں کہیں بھی نہیں ہے، اس کے دریا کے ساتھ واٹر اسپورٹس، انٹرنیشنل معیار کے ریسٹورنٹ، واک ویز، اور پارک بنائیں گے، ہر جگہ کا ٹورسٹ مظفر آباد آئے گا۔