اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کورگروپ کا اہم اجلاس سولہ اکتوبر کو طلب کرلیا، اجلاس میں اسلام آباد کو مکمل بند کرنے کی حکمت عملی پر غور ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کورگروپ کا اہم اجلاس سولہ اکتوبر کو طلب کرلیا ہے، جس میں 30 اکتوبر کے احتجاج سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی اور اہم فیصلے کئے جائیں گے اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔
مزید پڑھیں : علماء کرام کی تیس اکتوبر کے احتجاج کی بھرپور حمایت کا اعلان
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان سینٹرل پنجاب، ویسٹ پنجاب، کے پی کے، بلوچستان اور سندھ کراچی کے دوروں کا آغاز کریں گے، جس میں وہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کرکے انہیں تیس اکتوبر کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کی دعوت دیں گے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے علماء کرام کے وفد نے ملاقات کرکے تیس اکتوبر کے احتجاج کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
مزید پڑھیں : عمران خان کی نواز شریف کومحرم تک ڈیڈ لائن، اسلام آباد بند کرنے کا اعلان
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے رائیونڈ مارچ میں کارکنوں سے خطاب میں نواز شریف کو احتساب کے لیے محرم تک الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہم جلسہ نہیں کریں بلکہ محرم کے بعد اسلام آباد بند کردیں گے اور حکومت چلنے نہیں دیں گے کارکنان تیاری کریں۔
عمران خان نے اعلان کیا کہ اب ہم جلسہ نہیں کریں گے، نواز شریف کو خبردار کرتے ہیں وہ محرم تک اپنے اپ کو احتساب کے لیے پیش کردیں ورنہ ماہ محرم الحرام نواز شریف کو حکومت کرنے نہیں دیں گے، اگر سرحدی صورتحال ٹھیک ہوتی تو میں عوام کو یہیں رائے ونڈ میں روک لیتا۔