اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی سینئرپارٹی قیادت کا اجلاس آج طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سینئرپارٹی قیادت کا اجلاس آج طلب کیا ہے۔
عمران خان کی زیرصدارت اجلاس سہ پہر 3 بجے بنی گالہ میں شروع ہوگا جس میں صدارتی انتخاب سے متعلق مشاورت ہوگی۔
عمران خان نے ڈاکٹرعارف علوی کو صدارتی امیدوارنامزد کردیا
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ہفتے کراچی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عارف علوی کو صدر پاکستان کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
صدارت کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی 27 اگست کو دن 12 بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے جس کی جانچ پڑتال 29 اگست کو صبح 10 بجے ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 30 اگست کو دوپہر12 بجے تک واپس لے سکیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست اسی دن ایک بجے جاری کی جائے گی۔
صدرمملکت ممنون حسین آئندہ ماہ اپنے منصب سے سبکدوش ہورہے ہیں جس کے باعث نئے صدر کے انتخاب کے لیے 4 ستمبر کو پولنگ ہوگی۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی نے صدرکے انتخاب کے لیے اعتراز احسن کو امیدوار نامزد کیا ہے تاہم مسلم لیگ ن نے ان کے نام پرتحفظات کا اظہار کیا ہے۔