اسلام آباد:ڈاکٹر شاہد مسعود اور ان کے پروگرام پر 45دن کی پابندی کے فیصلے پر مختلف سیاسی رہنمائوں نے مذمت کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت کے منافی اقدام قرار دیتے ہوئے پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، فیصلے پر پی ایف یو جے نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
ن لیگی کارکن کو چیئرمین پیمرا بنادیا گیا،عمران
PEMRA has become weapon against opposition… by arynews
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پیمرا کو جانب دار اور سیاسی ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کے کارکن کو پیمرا کا چیئرمین تعینات کردیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفت گو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پیمرا کی جانب سے ڈاکٹر شاہد مسعود اور ان کے پروگرام ’’لائیو ود شاہد مسعود’’ پر پابندی کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کو مسلم لیگ ن کا ذیلی ادارہ بنایا جارہا ہے اور مخالفین کے خلاف پیمرا کو ہتھیار کو استعمال کرنے کے لیے ن لیگی کارکن کو چیئرمین پیمرا تعینات کردیا گیا۔
انہوں نے پیمرا پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ میری شادی کی جھوٹی خبریں نشر کی گئیں، شادی شدہ خواتین کی تصاویر دکھا کر انہیں دوسروں سے منسوب کیا گیا اس وقت پیمرا نے نوٹس کیوں نہیں لیا؟
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی تعریف نہ کرنا اور ان پر تنقید کرنا ہی ڈاکٹر شاہد مسعود کا قصور ہے جس کی پاداش میں ان کے پروگرام پر پابندی عائد کی گئی۔
شاہد مسعود پر پابندی صحافت کا گلا گھونٹنا ہے، طاہر القادری
Tahir-ul-Qadri condemns ban on Dr. Shahid Masood by arynews
عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی پابندی صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے، پیمرا شریف برادران کی سیاسی آمریت کی عکاسی کررہی ہے ، ڈاکٹر شاہد مسعود نے ہمیشہ قومی اداروں کے مفاد کی بات کی، اس مشکل وقت میں ہم اے آر وائی نیوز کے ساتھ ہیں۔
حکومت کو اندازہ نہیں کہ اس نے کیا غلطی کی،شیخ رشید
Sheikh Rashid says govt has no idea of its mistake by arynews
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کو اندازہ نہیں کہ اس نے کیا غلطی کی، شاہد مسعود اور ان کے پروگرام پر پابندی قابل مذمت ہے،حکومت کو اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔
ڈاکٹر شاہد مسعود سچ بولتے ہیں، فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، شرمیلا فاروقی
پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود سچ بولتے ہیں اس لیے ان کے پروگرام پر پابندی عائد کی گئی، پابندی جیسے اقدامات آمرانہ دور میں ہوتے ہیں،پیمرا فیصلے پر نظرثانی کرے۔
اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے، سینیٹر شاہی سید
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے۔
شاہد مسعود حق کی آواز ہیں،خرم نوازگنڈا پور
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم نواز گنڈا پور کہتے ہیں کہ ڈاکٹر شاہد مسعود حق کی آواز ہیں ان پر عائد پابندی ختم کی جائے۔
شاہد مسعود کو دیکھتا اور سنتا ہوں، وزیراعلیٰ پرویز خٹک
وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شاہد مسعود وہ اینکر ہیں جنہیں میں دیکھتا اور سنتا ہوں، سچ بولنے پر پابندی عائد کی گئی۔تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون نے بھی پابندی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
دریں اثنا شہریوں نے بھی اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پابندی کو ختم کرکے شاہد مسعود کے پروگرام کی بحالی کا مطالبہ کیا۔
پی ایف یو جے کا ہنگامی اجلاس طلب
فیصلے کے خلاف صحافیوں نے بھی مذمت کا اظہار کرتے ہوئے پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، پی ایف یو جے (پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس) کے صدر رانا عظیم نے پیمرا کے اس اقدام کے خلاف اجلاس طلب کرلیا۔