ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دو نومبر کو بڑا فیصلہ ہونے جارہا ہے، جیت نئے پاکستان کی ہوگی اگر نواز شریف نے روکنے کی کوشش کی تو بہت برا ہوگا۔
ملتان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پاس صرف دو راستے ہیں، تلاشی دو یا استعفی، اگر نواز شریف نے تلاشی یا استعفیٰ نہ دیا تو وہ حکومت نہیں چلاسکتے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف بادشاہت اور دوسری طرف لوگوں کی آزادی ہے، ایک طرف قائد اعظم کا پاکستان اور دوسری طرف ڈاکوئوں کی حکومت ہے، ایک طرف نواز شریف، آصف زرداری اور الطاف حسین کا پاکستان اور دوسری طرف مزدروں کا پاکستان ہے، مجھے نظر آرہا ہے کہ جیت نئے پاکستان کی ہوگی ، اگر ہمیں نواز شریف نے روکنے کی کوشش کی تو بہت برا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں پر فیتے کاٹنے سے لوگ پاناما کی کرپشن نہیں بھولیں گے، نواز شریف سی پیک منصوبے کے پیچھے اپنی کرپشن چھپا رہے ہیں۔
دریں اثنا پی ٹی آئی کے کارکن پانی کی بوتلوں پر ٹوٹ پڑے، کئی ٹی وی چینل نے اس کی فوٹیج لائیو دکھائی۔