اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کےخلاف درخواست دائر کردی، جس میں کہا گیا ہے کہ این اے 53 میں عمران خان کیخلاف فیصلہ انصاف کے برعکس اور غیر منصفانہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے این اے 53 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کیخلاف ٹریبونل میں اپیل دائر کر دی، درخواست عمران خان کے وکیل سینئر قانون دان ڈاکٹر بابر اعوان نے ہائی کورٹ ایپلیٹ ٹربیونل دائر کی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین ہیں، عوام کے بنیادوں حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے این اے 53 سے انتخابات لڑنے کیلئے کاغذات جمع کرائے، 19 جون کو درخواست گزار کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی، عمران خان کے کاغذات نامزدگی کمزور بنیاد پر مسترد کئے گئے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ این اے 53 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ قابل عمل نہیں، کاغذات نامزدگی میں درخواست گزار نے حقائق چھپائے نہ غلط انداز بیان کیے۔
دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کیخلاف فیصلہ انصاف کے برعکس اور غیر منصفانہ ہے، ایپیلٹ ٹربیونل ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیکر کاغذات نامزدگی منظور کیے جائیں۔
رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پرسماعت کل ہوگی، ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کل سماعت کریں گے۔
یاد رہے کہ ریٹرنگ افسر نے عمران خان کے این اے 53اسلام آباد کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد کیے تھے۔
خیال رہے کہ الیکشن 2018 کا انتخابی عمل تیزی سے جاری ہے، ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کےخلاف اپیلیں دائرکرنے کا مرحلہ کا آغاز ہوگیا ہے، پندرہ امیدواران نے رٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کر دی ہے۔