اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج سے’’پاکستان کلین گرین انڈیکس‘‘کا آغاز کریں گے، سہولیات کے پیش نظر ابتدائی طور پر 19 شہروں کی رینکنگ کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے پاکستان کے ہرشہر کو صاف اور سرسبز بنانے کا عزم کرلیا، وزیراعظم عمران خان آج سے پاکستان کلین گرین انڈیکس کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔
اس حوالے سے وزیر اعظم ہاؤس ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کے19 بڑے شہروں میں کلین گرین سٹی انڈیکس لانچ کریں گے۔
ان کے اس اقدام کا مقصد صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کا محفوظ نظام یقینی بنانا ہے، سٹی انڈیکس سے صفائی کے بہترنظام کے لئےشہروں کی صورتحال معلوم ہوگی۔
ذرائع کے مطابق سہولیات کے پیش نظر ابتدائی طور پر 19 شہروں کی رینکنگ کی جائے گی، شہرکی رینکنگ بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت اور انتظامیہ مزید اقدامات کریں گی اور سب سے زیادہ صاف ستھرا شہر کلین گرین چیمپئن قرار دیا جائے گا۔