اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بنوں دھماکے کے زخمیوں کوعلاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ نگران حکومتیں امیدواروں کی سلامتی اورمجموعی امن کوترجیح بنائیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بنوں میں اکرم درانی کے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔
عمران خان نے زخمیوں کوعلاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اکرم درانی کی سلامتی کی اطلاع باعث اطمینان ہے، انتخابات جیسے اہم مرحلے میں دشمن عدم استحکام کا خواہاں ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نگران حکومتیں امیدواروں کی سلامتی اورمجموعی امن کوترجیح بنائیں، سیکیورٹی انتظامات میں کوتاہی نہ برتی جائے اور کسی کو فساد برپا کرنے کا موقع فراہم نہ کیا جائے۔
مزید پڑھیں : بنوں: ایم ایم اے امیدوار اکرم درانی کے قافلے پر حملہ، 4 افراد جاں بحق
انھوں نے مزید کہا کہ پُرامن ماحول میں انتخابات مستقبل کیلئے نہایت اہم ہیں، زخمیوں کی جلد اور مکمل شفایابی کیلئے دعاگو ہیں۔
یاد رہے کہ بنوں کے مضافاتی علاقے حوید میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اکرم درانی کے قافلے پر نامعلوم افراد کی جانب سے بم حملہ کیا گیا، حملے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہیں جبکہ اکرم درانی محفوظ رہے۔