اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیکٹا کےبورڈآف گورنرزکا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیکیورٹی صورتحال پر حکام نے بریفنگ دی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کو موجودہ وقت میں کئی اندرونی و بیرونی چیلنجز درپیش ہیں، انٹیلی جنس اداروں میں مؤثر رابطوں کی ضرورت ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ بڑاچیلنج ہے، انٹیلی جنس اداروں نے انسداد دہشت گردی میں بہت اہم کردار ادا کیا۔ عمران خان نے نیکٹا کو مزید فعال بنانے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی جوایک ہفتے میں اپنی تجاویز وزیراعظم کو پیش کرے گی۔
مزید پڑھیں: جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی کا انکشاف
واضح رہے کہ نیکٹا کا قیام 2009 میں حکومتی سطح پر کیا گیا تھا، انسداد دہشت گردی کے حوالے سے جاری آپریشن کی نگرانی اور اس کی شفافیت کو بحال رکھنے کے لیے 2013 میں نیکٹا کو پارلیمنٹ ایکٹ کے تحت مزید فعال کیا گیا تھا ۔
پارلیمانی ایکٹ کے تحت نیکٹا کے چیئرمین موجودہ وزیراعظم ہیں اور صوبوں کے گورنرز پر مشتمل ایک باڈی تشکیل ہے جو ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن پر اپنی اجلاسوں میں اپنی تجاویز پیش کرتی ہے۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل، تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیر داخلہ کے سیکریٹری اور تمام حساس اداروں کے سربراہان نیشنل کاؤنٹرر ٹیررازم اتھارٹی کا حصہ ہوتے ہیں۔