پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان ڈیل کر کے نہیں عدالت سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی بغیر جرم کے قید ہیں، وہ آئین، قانون اور عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں، ان کی باعزت رہائی کے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آ سکتا، پی ٹی آئی کے ناحق قید کارکنوں کی رہائی کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ انصاف لائرز فورم ٹیم روزانہ کی بنیاد پر عدالتوں سے ضمانتیں حاصل کر رہی ہیں، لیگل ٹیم نے اب تک 2 ہزار سے زائد ناحق قید کارکنوں کی ضمانتیں کروائیں، ہم نے بلا تفریق تمام کارکنوں کو یکساں لیگل سہولت فراہم کیں۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کے پیٹرن ان چیف بانی پی ٹی آئی ہیں، طلال چوہدری
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ رہا ہونے والے کارکنان کا تعلق خیبر پختونخوا، پنجاب، کراچی، بلوچستان اور کشمیر سے ہے، رمضان کے دوران 700 سے زائد کارکنوں کو رہا کروایا گیا، آج بھی 174 کارکنوں کی رہائی کی روبکار اٹک اور جہلم جیل بھیجے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ22 کروڑ مالیت سے زائد کی رقم کارکنوں کی رہائی کے مچلکوں میں جمع کروائی گئی، عید سے قبل مزید کارکنوں کو عدالتوں سے رہائی دلوانے کی کوشش کی جائے گی، جیلوں میں ناحق قید کارکنوں کو مالی امداد اور ضرورت کی اشیا فراہم کی گئیں۔