اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سردی سے ٹھٹھرتے دھرنے کے شرکا کی مدد کا حکم جاری کر دیا ہے، وفاقی دارالحکومت میں وزیر اعظم کے استعفے کے مطالبے کے ساتھ موجود مظاہرین بارش اور سردی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے انسانی جذبے کا اعلیٰ مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد میں سردی اور بارش کے باعث پریشان دھرنے کے شرکا کی فوری مدد کا حکم جاری کر دیا ہے۔
I have directed the CDA Chairman to immediately visit the dharna site to assess what relief and assistance can be provided to the dharna participants with the onset of rain and changing weather conditions.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 6, 2019
وزیر اعظم نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں نے یہ اندازہ لگانے کے لیے کہ بارش اور بدلتے موسم کے حوالے سے شرکا کو کیا امداد فراہم کی جاسکتی ہے، چیئرمین سی ڈی اے کو فوری طور پر دھرنے کے مقام پر جانے کا حکم دیا ہے۔‘
یہ بھی پڑھیں: شہرِ اقتدار میں بارش، آزادی مارچ کے شرکا مشکلات کا شکار
وزیر اعظم کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ چیئرمین سی ڈی اے بارش کے پیش نظر سہولتوں کا جائزہ لیں، کہ دھرنے کے شرکا کو کیا سہولتیں فراہم کی جا سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے آزادی مارچ کے شرکا شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں، مارچ کے شرکا کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں، دھرنے کے مقام پر جے یو آئی کی جانب سے لگائے جانے والے بیش تر خیمے بارش کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔