اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے عمران خان سے ایک ایک پائی کاحساب لیا، وہ بھی حساب لیا جو درخواست گزار نے نہیں مانگا تھا۔ نتائج تک پہنچنے کے لیے عدالت سوالات کرسکتی ہے، دیکھنا صرف یہ ہے کہ جھوٹ تو نہیں بولا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں عمران خان نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ عدالت نے خود نعیم بخاری کو دستاویزات دینے کے لیے کہا تھا، نتائج تک پہنچنے کے لیے عدالت صرف سوالات کرسکتی ہے۔
درخواست گزار حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے کہا کہ عمران خان کیس میں 8 تحریری جواب جمع کروائے گئے، عمران خان کا ہر جواب دوسرے سے مختلف ہے۔
جواباً چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نےعمران خان سے ایک ایک پائی کاحساب لیا، وہ بھی حساب لیا جو درخواست گزار نے نہیں مانگا تھا۔ دیکھناصرف یہ ہے کہ جھوٹ تو نہیں بولا گیا۔
عدالت نے عمران خان کے اضافی دستاویزات پر درخواست گزار حنیف عباسی سے بھی جواب طلب کرلیا۔ عمران خان نااہلی کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔