اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت مکمل ہوگئی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مؤقف بدلا نہ کوئی بدنیتی نظر آتی ہے، عمران خان کے وہ کاغذات لگائے گئے جو مردہ ہوچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں طویل دلائل کے بعد عمران خان نااہلی کیس کی سماعت بالآخر مکمل ہوگئی۔
مسلم لیگ ن کے وکیل اکرم شیخ نے دلائل سمیٹتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے بار بار مؤقف بدلا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عمران خان نے بنی گالہ اراضی ظاہر کردی تھی، عمران خان کا مؤقف ابھی بھی وہی ہے تبدیل نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ بظاہر کوئی بدنیتی، دھوکہ دہی نظر نہیں آتی۔ آپ نے عمران خان کے وہ کاغذات نامزدگی لگائے جو مردہ ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں: عمران خان نااہلی کیس میں دلائل مکمل، فیصلہ قریب
عدالت نے اکرم شیخ سے مکالمے میں کہا کہ آپ چاہتے ہیں سنہ 2002 میں غلط فارم بھرنے پر ڈی سیٹ کیا جائے، لیکن اب 2002 کے الیکشن میں نا اہلی کا وقت گزر چکا، سنہ 2013 میں اثاثے ظاہر نہیں کیے تو بات کریں۔
سماعت مکمل ہونے پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیس پرفیصلہ محفوظ نہیں کر رہے۔ جہانگیر ترین کیس میں بھی آف شور کمپنی کا معاملہ ہے، آف شور کمپنی سے متعلق کئی چیزیں سمجھنا چاہتے ہیں، کوئی سوال ذہن میں آیا تو وکلا سے پوچھ لیں گے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔