اسلام آباد : صدر مملکت اور وزیراعظم سے نومنتخب چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ عارف علوی اور عمران خان نے دونوں شخصیات کو مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا آفریدی نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیردفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی اور مرزا آفریدی کو منتخب ہونے پرمبارکباد دی، چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اعتماد کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں قانون سازی کا عمل تیز کرنے اور دیگر پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوامی فلاح بہبود کیلئے مؤثر قانون سازی کی جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایوان بالا میں بلوچستان اور قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کی موجودگی پسماندہ علاقوں کے عوام کیلئے اعزاز ہے۔ امید ہے یہ وفاق کی مزید مضبوطی کا باعث بنے گا۔
وزیراعظم نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینیٹ احسن طریقے سے ذمہ داری ادا کریں جیسے پہلے انجام دیں۔
علاوہ ازیں صدر مملکت عارف علوی سے بھی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا آفریدی نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اطلاعات شبلی فراز اور بلوچستان سے منتخب سینیٹر ثمینہ ممتاز بھی موجود تھیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے صادق سنجرانی کو دوبارہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی، انہوں نے شبلی فراز اور سینیٹر ثمینہ ممتاز کو بھی سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ امید ہے چئیرمین سینیٹ ماضی کی طرح اب بھی اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے انجام دیں گے، انہوں نے چئیرمین سینیٹ اور دیگر سینیٹرز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔