پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا ٹیم سے ملاقات میں پشاور قیام کی وجہ بتا دی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ حکومت بنی گالہ سیل کر کے مجھے نظر بند کرنا چاہتی ہے، حکومت کسی بھی طرح ہماری تحریک کو ناکام کرنا چاہتی ہے، مجھے نظر بند کرتے دیتے تو میری غیر موجودگی میں لانگ مارچ میں عوام کا حوصلہ کم پڑ سکتا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ آزادی مارچ میں خود میدان میں نہ ہوتا تو کارکنوں کا جوش کم ہوتا، 2014 کی غلطیوں کو دہرا نہیں سکتا تھا، ڈی چوک پہنچ جاتا تو خونی تصادم کا خطرہ بڑھ جاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ مارچ ختم کرنے کا مقصد فورسز اور کارکنوں میں تصادم سے بچنا تھا، ہماری سیاسی تحریک پُر امن ہے، حکومت پر تشدد بنانا چاہتی ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ہم تشدد کی جانب آئیں لیکن ہمیں اس سے بچنا ہے، سپریم کورٹ فیصلے کے بعد قوم کو جلد نئی حکمت عملی سے آگاہ کروں گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ پُر امن رہیں۔