وزیر آباد : لانگ مارچ کے دوران چیئرمین عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کا آنکھوں دیکھا حال کنٹینر پر موجود ڈی جے حمزہ نے بتا دیا۔
ڈی جے حمزہ جو خود بھی اس حملے میں زخمی ہوا ہے جسے اسپتال میں طبی امداد کے لیے لے جایا گیا، اے آر اوائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اس نے اہم انکشاف کیا۔
حمزہ نے بتایا کہ کنٹینر پر ’صاف چلی شفاف چلی‘ ترانہ پلے کیا ہوا تھا، اس کے بعد بھر دو جھولی لگایا تو خان صاحب نے منع کیا، میں نے دوبارہ ’صاف چلی شفاف چلی‘ لگادیا۔
ڈی جےحمزہ کا کہنا تھا کہ میں جھکا ہوا تھا اٹھا تو سامنے مسلح حملہ آور کھڑا ہوا تھا، حملہ آور نے سیدھا فائر کیا عمران خان میرے بالکل پیچھے تھے، عمران خان کنٹینر پر میرے بائیں طرف ہوتے ہیں لیکن آج ساتھ تھے۔
حمزہ نے کہا کہ حملہ آور نے جو گولی چلائی وہ بالکل میرے قریب سے گزری، گولی کنٹینر پر لوہے کی شیٹ میں لگی جس کی وجہ سے میں زخمی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بنیادی طور پر دو سے تین لوگ تھے جنہوں نے دو تین مقامات سے گولیاں چلائیں، میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ گولیاں چلانے والے ایک سے زیادہ تھے۔
ڈی جےحمزہ کے مطابق ایک جگہ سے چھوٹی گن سے فائرنگ ہوئی جو میں دیکھ نہیں سکا، ایک اور حملہ آور ہمارے سامنے والی عمارت کے ٹیرس پر کھڑا تھا اس کے پاس بڑی گن تھی اور وہ بالکل ہمارے سامنے تھا۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آور کنٹینر کے بائیں جانب تھا، واقعہ میں ایک ایس ایس جی کمانڈو بھی زخمی ہوا ہے، عمران خان آج دائیں طرف کھڑے تھے اسی وجہ سے زیادہ زخمی نہیں ہوئے۔
ڈی جےحمزہ نے بتایا کہ پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ جس شخص کو میں نے دیکھا وہ دوسرا آدمی تھا جو پکڑا گیا ہے اس کے پاس چھوٹی گن تھی جسے میں نے نہیں دیکھا۔
یقین سے کہتا ہوں کہ جو دیکھا اس کامطلب یہ ہے کہ گولیاں چلانے والے دوتین ہوں گے، ایک جگہ سے فائرنگ نہیں ہوئی کافی گولیاں چلائی گئیں، کئی لوگوں کو گولیاں لگیں،کم ازکم13لوگ زخمی ہوئے۔